پاکستان ریلوے ڈرائیوروں کی ہڑتال سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہڑتال کی اچانک کال آنے پر ڈرائیور مسافروں کی پرواہ کئے بغیر ٹرین جہاں تھی وہیں روک کر ہڑتال میں شامل ہو گئے۔ سخت گرمی اور حبس کے موسم میں مسافروں جن میں بزرگ‘ خواتین اور بچے شامل ہوں گے کو کس قدر اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہو گا ٹرین رکنے سے اکثر اوقات پنکھے بند ہو جاتے ہیں اور مسافروں کی حالت قابل رحم ہوتی ہے ٹرین ڈرائیوروں کا یہ رویہ ظالمانہ اور انسانیت سوز اقدام ہے اگرچہ وزیرریلوے نے بروقت متبادل بندوبست کرکے ریلوے کا پہیہ رواں دواںرکھنے کا مناسب فیصلہ کیا۔ اسی طرح ڈرائیور ایسوسی ایشن کے ہڑتال کے فیصلے نے بھی ڈرائیوروں کو تقسیم کر دیا۔ ایک گروپ کا کہنا ہے کہ باقاعدہ چھٹیاں لے کر اپنے مطالبات منوائے جائیں جبکہ دوسرا گروپ اس بات پر متفق ہے قواعد و ضوابط کے تحت کام میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ ملتان اور سمہ سٹہ کے ڈرائیوروں نے ہڑتال کا بائیکاٹ کرتے ہوئے آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ڈرائیوروں کی زیادہ تعداد نے مطالبات کی منظوری تک احتجاجاً کالی پٹیاں باندھ کر ٹرینوں کو رواں دواں رکھنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ خدشہ بھی سامنے آیا ہے کہ اکثریت کی رائے کو دیکھتے ہوئے پہیہ جام کرنے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ریلوے ڈرائیوروں کے مطالبات مراعات میں اضافہ وغیرہ جائز ہیں تو انہیں ہڑتال کرنے کی بجائے انتظامیہ سے مذاکرات کرنے چاہئیں تاکہ ان کی کوئی شنوائی ہو سکے اور ریلوے کا پہیہ بھی رواں دواں رہے ہڑتال کی بجائے افہام و تفہیم سے ہی یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024