ڈالر کے تناسب سے ہی پٹرول سستا کیاجائے

ایڈیٹر  |  اداریہ
ڈالر کے تناسب سے ہی پٹرول سستا کیاجائے

 روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر اور عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت آئندہ ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ ڈالر سستا ہوگیا، لہٰذا حج اخراجات بھی کم کیے جائیں۔
 ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کے بعد اب حکومت نے عوام کو یکم اپریل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے سوشل میڈیا پرتو پٹرول کی قیمت میں 8روپے کمی کرنے کی خبر گردش کررہی ہے لیکن حکومت صرف 1 روپے کمی کرنے کا عندیہ دے رہی ہے۔سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر ایک فرد کیلئے نہیں دئیے تھے بلکہ یہ 18 کروڑ عوام کو دئیے تھے لہٰذا حکومت اب عوام کو اسی قدر ریلیف دے تاکہ عوام ڈیڑھ ارب ڈالر سے حقیقی معنوں میں مستفید ہوسکیں۔1روپے کی کمی توآٹے میں نمک کے برابر ہے۔ حکومت جب اضافہ کرتی ہے تو 7 سے 8 روپے یکدم کردیتی ہے اب حکومت کو اسی تناسب سے کمی بھی کرنی چاہئے۔ قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے مذہبی امور نے ڈالر سستا ہونے پر حج کے کرایوں میں بھی کمی کرنے کا کہا ہے حکومت حج کرایوں میں بھی کمی کرنے کا کہا ہے حکومت حج کرایوں میں بھی کمی کرے اور اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی واپس لائیں تاکہ غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں جس طرح پِس رہا ہے اسے کچھ ریلیف مل سکے۔