ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے گزشتہ روز واسا ہیڈ آفس میں فرانسیسی سفیر سے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ میں عندیہ دیا ہے کہ لاہور کی آبادی میں اضافے اور پانی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے محمود بوٹی کے مقام پر دریائی پانی کا ذخیرہ کرنے کیلئے ایک ڈیم تعمیر کیا جائے گا جہاں سے جمع شدہ پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد شہریوں کو سپلائی کیا جائے گا۔ اس سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا۔ منصوبہ حکومت فرانس کی معاونت سے مکمل ہوگا جس کے لئے فرانس 67 ارب روپے فراہم کرنے کے علاوہ لاہور میں واٹر سپلائی کی بوسیدہ لائینوں کی تبدیلی کیلئے 33 ارب کی سرمایہ کاری کرئے گا۔ ایم ڈی واسا نے باور کرایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد واسا گرائونڈ واٹر کے علاوہ 25 فیصد تک اضافی پانی بھی حاصل کرسکے گا جس سے زیر زمین پانی کے ذخائر پر دبائو کم ہوگا اور زیر زمین پانی کے لیول کو مزید گرنے سے روکا جاسکے گا۔ شہریوں کو پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی ان کا بنیادی حق اور اس کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پانی کے لئے صاف پانی کی کمیابی اور اس کے زہریلا اور آلودہ ہونے کی خبروں کے باعث سپریم کورٹ کو آخرکار اس کا ازخود نوٹس لینا پڑا۔ محمود بوٹی ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں سے ملنے والے پانی کے بعد اس طرح کی شکایات میں کمی آئے گی۔ مزید براں پانی کو ذخیرہ کرنے کے وسائل کی کمی کے باعث پاکستان کو ہمیشہ زراعت کیلئے پانی کی شدید قلت کا سامنا رہتا ہے۔چنانچہ ملک میں زراعت کیلئے بروقت اور مناسب مقدار میں پانی کی فراہمی اور توانائی بحران سے مکمل نجات اور اس میں خود کفیل ہونے کیلئے پورے ملک میں ایسے چھوٹے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے تاہم کالاباغ ڈیم کی تعمیر اپنی جگہ اہم ہے۔ اس کی تعمیر کو مزید معرض التواء میں ڈالنا ملکی معیشت و خوشحالی کے حق میں نہیں!
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024