پی آئی اے کا عمرہ کرایوں میں بلا جواز اضافہ

ایڈیٹر  |  اداریہ
پی آئی اے کا عمرہ کرایوں  میں بلا جواز اضافہ

پی آئی اے نے عمرے کا کرایہ 10 ہزار روپے کم کرنے کی خوشخبری سنانے کے صرف ایک ہفتے کے بعد ہی کرایوں میں 8ہزار روپے کا اضافہ کر کے عوام سے عمرے کے سستے ٹکٹ کی خوشی چھین لی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا جب حکومت دوبار تیل کی قیمت میں کمی کر چکی ہے۔ اور اب اوگرا نے مزید کمی کی سمری بھی تیار کر لی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ اس وقت فی بیرل قیمت 54 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ اسی بناءپر حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 مرتبہ کمی کی۔ اب جنوری سے مزید 12سے 15 روپے کمی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ اس کمی کے باعث اشیاءخورد ونوش سمیت ٹرانسپورٹروں کے کرایوں میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔ لیکن پی آئی اے نے اس کمی کے باوجود عمرہ کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔8ہزار روپے کرایے میں اضافے نے غریب آدمی کی امیدوں اور تمناﺅں پر پانی پھیر دیا ہے ایک غریب آدمی جو عمر بھر کی جمع پونجی اکٹھی کر کے دیار حرم کی زےارت کا ارادہ کرتا ہے یکدم8 ہزار روپے کرائے میںاضافہ اس پر بم بن کر گرا ہے ۔ اس اضافے کا حکومت نوٹس لے اور پی آئی اے حکام کو عوام دشمن فیصلے کرنے سے روکے ۔عوام دشمن فیصلوں کے وقت نہ جانے حکومت سوئی کیو ں رہتی ہے۔ حکومت نے جسطرح ٹرانسپورٹرز کے کرائے کم کرائے ہیں اسی طرح پی آئی اے کے کرایوں میں بھی کمی کرنے کا اعلان کرے۔