آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گذشتہ روز بلوچ رجمنٹ سنٹر ایبٹ آباد اور انجینئرز سنٹر رسال پور کے دورے کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ جنگیں لڑنے والی فوج ہے۔ پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث ہر چیلنج کا جرات کے ساتھ مقابلہ کرتی ہے۔
آرمی چیف کے فوج کے حوالے سے ریمارکس میں کوئی شبہ نہیں۔ کشمیر کی جنگ سے لے کر (یہ وہ دن تھے جب پاک فوج تعمیر نو کے مرحلے سے گزر رہی تھی۔ اسلحہ بھی ناکافی تھا) ستمبر 65، اور 71 کی جنگوں تک میں پاک فوج نے بہادری، شجاعت اور عسکری مہارت کے ایسے ایسے مظاہرے کیے کہ دنیا بھر کے عسکری ماہرین دنگ رہ گئے۔ بزدل بھارتی فوج نے 6 ستمبر کو تمام اخلاقی تقاضوں کو نظرانداز کر کے رات کی تاریکی میں واہگہ کے راستے لاہور پر حملہ کیا۔انہیں اپنی کامیابی کا اس حد تک یقین تھا کہ بھارتی جرنیل نے شام کی بدمستیاں لاہور جم خانہ میں منانے کا اعلان بھی کردیا۔ بھارت نے اس حملے میں اپنی بیشتر فوجی طاقت جھونک دی تھی۔ پاکستان نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ بھارت الٹی میٹم دیے بغیر بین الاقوامی سرحد عبور کرےگا اس لیے اس محاذ پر پاکستان کی تیاریاں نہ ہونے کے برابر تھیں لیکن اللہ کے شیر مقابلے پر ڈٹ گئے اور چند ہی گھنٹوں میں بھارتی دعوﺅں کے غبارے سے ہوا نکال دی۔ اسی طرح 71 میں پاک فوج نے مشرقی پاکستان میں وطن عزیز کی یکجہتی کی جنگ علیحدگی پسندوں اور بھارتی فوج کے مقابلے میں جس عزیمت جرات کے ساتھ لڑی وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ اگرچہ یہ جنگ نہ جیتی جا سکی اور ملک دولخت ہوگیا لیکن جن نامساعد حالات میں اور ناکافی اسلحہ اور وسائل کے ساتھ یہ جنگ لڑی گئی اس کا منطقی نتیجہ یہی ہونا تھا۔ یہ تو تھی پاک فوج کے دفاع وطن کے لیے قربانیوں کی ایک جھلک، لیکن اس کے علاوہ آفات ارضی و سماوی میں مصیبت زدگان کی امداد، بحالی اور ملک کے اندر انتخابات اور مردم شماری میں فوج کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں جبکہ آج دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ میں پاک فوج کا کردار بھی باکمال ہے اور اسکی قربانیاں بھی بے مثال ہیں۔ پاک فوج کے انہی کارناموں کے باعث اسے وطن عزیز میں بڑی محبت اور احترام اور عوام کا اعتماد حاصل ہے۔اگر ہماری عسکری قیادتوں کی توجہ صرف پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے آئینی دائرہ کار پر مرکوز رہے اور سول معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہ کی جائے تو عساکر پاکستان اس ارض وطن کی آن‘ بان اور شان ہیں جن کا دنیا میں کوئی نعم البدل موجود نہیں۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024