حکومت پنجاب کا غریب عوام تک صحت کی سہولتیں پہنچانے کا عزم، ڈاکٹر بھی ساتھ دیں

ایڈیٹر  |  اداریہ
حکومت پنجاب کا غریب عوام تک صحت کی سہولتیں پہنچانے کا عزم، ڈاکٹر بھی ساتھ دیں

مریض تڑپ رہے ہوں اور ینگ ڈاکٹر ہڑتال کریں مناسب نہیں: شہباز شریف، سرکاری ہسپتالوں میں اشرافیہ کا مفت علاج، غریبوں کو دھکے ملتے ہیں، پنجاب کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس کلینک بنائیں گے: تقریب سے خطاب
وزیراعلیٰ پنجاب جس طرح صوبے میں علاج معالجے کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ فلٹر کلینک کے افتتاح کے موقع پر سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار اور ڈاکٹروں کی بے حسی کا بجا شکوہ کیا۔ سرکاری ہسپتال غریبوں کے علاج معالجے کےلئے بنائے جاتے ہیں مگر افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہاں بھی امرا فیض یاب ہوتے ہیں۔ حالانکہ یہ لوگ مہنگے علاج معالجے کی استطاعت رکھتے ہیں۔ مگر غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے سے نہیں چوکتے۔ غریب مریض سرکاری ہسپتالوں میں دھکے کھاتے پھرتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے مسیحائی کی جگہ ہڑتال کو اپنا شعار بنا لیا ہے۔ اب وزیراعلیٰ نے انہیں مراعاتوں، تنخواہوں اور دیگر معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی راہ دکھائی ہے تو انہیں سنجیدگی سے اس پر سوچنا چاہئے تا کہ ہسپتالوں میں آئے روز کی ہڑتالوں سے مریضوں کو نجات ملے۔ غریب عوام کو صحت کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات سے فائدہ تب ہی ہو گا جب ڈاکٹر اور محکمہ صحت ایمانداری سے یہ ثمرات ان تک پہنچانے کی کوشش کریگا۔