دبئی ائر شو میں جے ایف تھنڈر کی بہترین کارکردگی ۔ برآمد کا اعلان

ایڈیٹر  |  اداریہ

دبئی ائر شو میں پاکستانی طیاروں جے ایف 17 تھنڈر اور مشاق طیاروں نے ماحول کو گرما دیا۔ پاکستانی شاہینوں نے حیرت انگیز کرتب دکھائے۔ ائر چیف طاہر رفیق بٹ نے جے ایف تھنڈر طیارے برآمد کرنے کا اعلان کیا۔
جے ایف 17 تھنڈر پاکستان میں چین کے تعاون سے بنائے گئے ہیں۔ دبئی ائر شو میں اس کی کارکردگی دیکھ کر دنیا بھر سے آئے ہوئے دفاعی وفود نے اس اکیسویں صدی کے ہمہ جہت، کم قیمت لڑاکا جنگی جہاز میں دلچسپی لی۔ جے ایف تھنڈر چین کے تعاون سے بنائے گئے اور اسی کے تعاون سے فروخت کئے جائیں گے۔ پاکستان اپنا دفاع مضبوط بنانے کیلئے متعدد ممالک سے لڑاکا جہازوں سمیت دفاعی سامان خریدتا رہا ہے۔ قومی بجٹ کا ایک بڑا حصہ دفاع کیلئے مختص کیا جاتا ہے اور اس میں سے زیادہ تر اسلحہ کی خریداری پر خرچ ہو جاتا ہے۔ تھنڈر طیاروں کی ملک میں تیاری سے جہاں اس شعبہ میں فضائیہ کی مہارت بڑھے گی وہیں ان کی برآمد سے افواج کیلئے خود کفالت کی راہ کھلے گی اور بجٹ کا دفاع کیلئے مختص کچھ حصہ دیگر شعبوں کیلئے استعمال ہو سکے گا۔