سیاسی جماعتیں اور عوام فوج کے شانہ بشانہ

ایڈیٹر  |  اداریہ

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شرےف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملاقات کی‘ ملک اور خصوصاً پنجاب میں سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پاک فوج کو سیاسی جماعتوں اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ فوج کو شدت پسندوں کےخلاف آپریشن کی صورت میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی جماعتوں اور عوام کی طرف سے بھی فوج کے شانہ بشانہ چلنے کی بات کی ہے۔ پاک فوج دنیا کی مایہ ناز فوج ہے۔ جس نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پاک فوج کی صلاحیتوں کے بارے کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہےے۔ گزشتہ 13 سال سے پاک فوج کے جوان شدت پسندوں کےخلاف سینہ سپر ہیں۔ جانی قربانیاں دینے کے باوجود ان کے حوصلے پست ہوئے نہ ہی ان کے قدم ڈگمگائے اس سے قبل پاک فوج نے سوات میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ بڑے سے بڑے چیلنج سے نمٹنے کےلئے چیلنج ہے اور پاکستانی قوم کو بھی اپنی فوج کی کارکردگی پر اعتماد ہے ہمیشہ کی طرح سیاسی جماعتیں اور عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان کے اس دعوے کو بھی رد کیا ہے کہ فوجی آپریشن کی صورت میں کامیابی کے صرف 40 فےصد امکانات ہیں۔ گزشتہ روز بھی عمران خان نے کہا ہے کہ اگر فوجی آپریشن ناکام ہو گیا تو پھر اس کے بعد کیا ہو گا۔ عمران خان کو اپنی فوج کی صلاحیتوں پر اعتماد ہونا چاہےے انشاءاللہ آپریشن کی ناکامی کی نوبت نہیں آئے گی۔