سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مختصر دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے سری لنکن سکیورٹی وفد رواں ماہ کے آخر تک پاکستان آئیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایشیئن کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جو اے سی سی کے بھی صدر ہیں‘ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں سکیورٹی کے معاملات میں واضح بہتری آئی ہے۔ ورلڈ الیون بھی پاکستان کا دورہ کررہی ہے لہٰذا سری لنکن ٹیم مختصر سیریز کےلئے پاکستان کا دورہ کرے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔
پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔ پاکستان نے سری لنکا کو تامل دہشت گردوں سے نجات دلوانے میںاہم کردار ادا کیا۔ سری لنکا نے ہمیشہ اس پر ممنونیت کا اظہار کیا ہے جس پر اسے بھارت کی طرف سے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ پاکستان آنیوالی آخری ٹیسٹ ٹیم بھی سری لنکا کی تھی جس کو لاہور میں دہشتگردی سے دوچار ہونا پڑا۔ اسکے بعد پاکستان میں کھیلوں کے میدان بے رونق ہوگئے اور کرکٹ کے میدان تو اُجڑ گئے۔ پاکستان کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں بحال کرانے کیلئے کوشاں ہے جس میں کامیابی بھی ہورہی ہے۔ زمبابوے کی ٹیم پاکستان آکر ٹی 20 میچز کی سیریز کھیل چکی ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد پاکستان میں ہوا‘ اب ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے اور سری لنکا کو پاکستان میں فول پروف سکیورٹی دینے کا یقین دلایا گیا ہے۔ اس سے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن نظر آرہے ہیں مگر دشمن کی سازشوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیخلاف کسی بھی سطح پر گر سکتا ہے۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024