سینئر وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر سردار ثناء اللہ زہری خان نے کہا ہے کہ بھارت صوبے میں علیحدگی پسند تحریک کی فنڈنگ کرتا ہے۔ اگر ساحلی شہر گوادر کی بندرگاہ کو اپریشنل کیا گیا تو کچھ دیگر پڑوسی ممالک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور صوبہ میں بدامنی پھیلانے کیلئے اس کو استعمال کر سکتے ہیں۔
گوادر پورٹ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ اسے محض اس خدشے کی بنا پر نان اپریشنل نہیں رکھا جا سکتا کہ پڑوسی ممالک اسکے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کر سکتے ہیں۔ قطع نظر اسکے کہ گوادر پورٹ کب اپریشنل ہوتی ہے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونے چاہئیں۔ سکیورٹی لیپس کی وجہ سے ملک دشمن قوتیں آج بھی پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہیں۔ جیساکہ ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریک کی فنڈنگ کر رہا ہے۔ بھارت تو پاکستان کا ازلی دشمن ہے وہ پاکستان کو نقصان سے دوچار کرنے کے موقع کی تلاش میں رہتا ہے۔ حکومت پاکستان ثبوتوں کے ساتھ بھارت سے بات کرے اور یہ ثبوت عالمی اداروں کے سامنے بھی پیش کئے جائیں۔ جن تنظیموں کی بھارت فنڈنگ کر رہا ہے وہ تو پاکستان میں موجود ہیں۔ ان سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اپنے اس فرض سے روگردانی نہ کرے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024