برتھ سرٹیفکیٹ اور سکولوں میں داخلے کیلئے بچوں کی ویکسی نیشن لازمی

ایڈیٹر  |  اداریہ
برتھ سرٹیفکیٹ اور سکولوں میں داخلے کیلئے بچوں کی ویکسی نیشن لازمی

برتھ سرٹیفکیٹ سکول میں داخلے کیلئے ویکسی نیشن ضروری، ترمیمی بل سینٹ میں پیش۔ خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ ہو گا۔ ہیلتھ ورکرز کو تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ ویکسی نیشن نہ کرانے پر ایک ہزار روپے جرمانہ اور ایک ماہ قید ہو گی۔
بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے پاکستان میں عرصہ دراز سے حفاظتی ٹیکوں اور انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا کام متواتر ہو رہا ہے مگر اس میں سو فیصد کامیابی ابھی تک حاصل نہیں ہو پائی۔ اس میں جہالت اور بے بنیاد پراپیگنڈے کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ اب دہشت گردوں کی طرف سے ہیلتھ ورکرز کو نشانہ بنانے کے بعد ضروری ہو گیا تھا کہ اس ضمن میں سخت حکومتی پالیسیاں بنائی جائیں۔ اب سینٹ میں اس سلسلے میں مثبت پیش رفت کرتے ہوئے بچوں کے سکول میں داخلے اور برتھ سرٹیفکیٹ کے حصول کے وقت بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے والی ویکسی نیشن یعنی حفاظتی کورس کے ٹیکے اور قطرے پلوانے ضروری قرار دینے کی قرار داد پیش کی گئی ہے جس کی منظوری سے عوام میں بچوں کی ویکسی نیشن کے سلسلے میں موجود لاپروائی اورکوتاہی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور والدین خود بھی بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاﺅ کیلئے حفاظتی ٹیکوں اور قطرے پلانے میں دلچسپی لیں گے۔ ورنہ جرمانہ اور سزا کیلئے انہیں تیار رہنا ہو گا۔ خدا کرے کہ یہ اقدامات والدین میں بچوں کی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں مفید ثابت ہوں اور ہماری نئی نسل مہلک بیماریوں سے محفوظ رہے۔