آرمی چیف کا دہشتگردوں کا پورے ملک میں تعاقب کا عزم

ایڈیٹر  |  اداریہ
آرمی چیف کا دہشتگردوں کا  پورے ملک میں تعاقب کا عزم

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، دہشت گردوں کا ملک کے طول و عرض میں تعاقب کرکے ان کا صفایا کیا جائیگا۔ پاک فوج بہترین پلاننگ کے دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ اور ان کا خاتمہ کررہی ہے۔ تین ہفتوں سے جاری کارروائیوں میں 400 کے قریب دہشت گردوں کو مارا جاچکا ہے اور انکے درجنوں ٹھکانے تباہ کئے جاچکے ہیں۔ سات لاکھ افراد کی نقل مکانی کے بعد علاقے سے آبادی کا انخلا تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ بارودی سرنگوں اور دھماکا خیزمواد کے باعث فورسز نے آہستہ آہستہ پیشقدمی کی اور میرانشاہ سمیت ملحقہ علاقوں کو کلیئر کرتے آگے بڑھتے گئے۔ ضرب عضب اپریشن چند دن میں مکمل ہوجائیگا ۔ اسکے بعد پورے ملک میں پھیلے ہوئے دہشتگردوں کا خاتمہ یقیناً ناممکن تو نہیں ہوگا لیکن اس کیلئے شمالی وزیرستان میں جاری اپریشن سے الگ لائحہ عمل اختیارکرنے کی ضرورت ہوگی ۔ اس میں قوم کا براہِ راست کردار اہم ہوگا۔دہشتگردوں کے حامی اب بھی پورے ملک میں موجود ہیں۔شمالی وزیرستان سے بھاگے ہوئے دہشتگرد حسبِ سابق انکے ہاں پناہ لینے کی کوشش کرینگے ۔ یہاں قوم کو دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے براہِ راست کردار ادا کرناہوگا۔ دہشتگردوں اور دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ تبھی ہوسکے گا جب دہشتگردوں کو پورے ملک میں کہیں پناہ نہیں مل سکے گی ۔اپریشن کے آخری مرحلے میں قوم یقیناً فوج کے شانہ بشانہ ہوگی۔