ورلڈ کپ میں ایک اور شاندار فتح

ایڈیٹر  |  اداریہ
ورلڈ کپ میں ایک اور شاندار فتح

2015ء کے اہم میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 29 رنز سے شکست دے دی۔ اس پر قومی ٹیم کا اعتماد بحال ہوا۔ پاکستان میں اس فتح پر جشن منایا گیا۔ اب پاکستان کے اگلے رائونڈ میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں لیکن پاکستانی ٹیم کو آئرلینڈ کے ساتھ بھی ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف قومی ٹیم نے مل کر کھیلا‘ بولر نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘ خصوصی طور پر محمدعرفان‘ وہاب ریاض اور راحت علی نے اپنے انتخاب کا حق ادا کر دیا جبکہ بیٹنگ میں کپتان مصباح الحق نے اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 56 سکور کیا اور ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سرفراز احمد نے بھی 49 سکور کرنے کے ساتھ ساتھ چھ کیچ پکڑ کر ناقدین کے منہ بند کرادیئے۔ قومی ٹیم کو اسی جذبے کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔ بلاشبہ قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں‘ قوم اس سے اعلیٰ کارکردگی کی توقع رکھتی ہے جس پر ٹیم کو پورا اترنا ہو گا۔ قوم کیلئے اصل خوشی ٹیم کی طرف سے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل ہے۔ آج پوری قوم ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا والہانہ اظہار کررہی ہے۔ آج کے میچ پر ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ امید اور قوم کی دعا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے۔