کوئٹہ کے علاقے سول لائنز ایریا میں منان چوک کے قریب ایف سی کے ٹرک پر خودکش حملے میں تین اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید اور 40 زخمی ہوگئے ہیں۔
دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل گاہے بگاہے کرکے قوم کو سوگ میں ڈبو دیتے ہیں جبکہ وزیراعظم میاں نواز شریف ہر ایسی کارروائی کے بعد کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا ہے، مٹھی بھر دہشت گرد پوری قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔ وزیراعظم کے یہ کھوکھلے وعدے ان کی کارکردگی کے پول کھول رہے ہیں۔ دہشت گرد جس تسلسل سے کارروائیاں کررہے ہیںیہ ان کے منظم ہونے کی علامت ہے۔ کافی عرصے بعد بلوچستان کے حالات پرامن ہوئے تھے لیکن دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھا لیا ہے۔ ایف سی کے ٹرک پر حملہ اس بات کی دلیل ہے کہ عام لوگوں تک رسائی تو دہشت گردوں کیلئے کافی آسان ہوگی۔ عزیر بلوچ نے تفتیش کے دوران بلوچستان کے بارے سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں کہ انہیں کون ملک پیسے دیتا تھا، اسلحہ کس طرح سرحد پار سے سمگل ہوکر ان کے پاس پہنچتاتھا، اس پہلو پر بھی تفتیش کی جائے کیونکہ ہمارے بہت سارے ہمسایہ ممالک کو یہ ڈر ہے کہ اگر بلوچستان میں امن قائم ہوگیا تو معدنی ذخائر سے مالامال یہ صوبہ نہ صرف خود ترقی کرے گا بلکہ تیل اور گیس کے ذخائر کو نکال کر پورا ملک ترقی کرسکتا ہے۔ اس لئے کچھ دوست ممالک بھی ہماری کمر میں وار کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل ایکشن پلان پر بھی اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے ۔ اس وقت نیشنل ایکشن پلان کی بعض شقوں پر عمل نہیں ہورہا۔ دہشت گرد تنظیموں کے سربراہ دندناتے پھر رہے ہیں۔ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر اپنے کاموں میں مگن ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چند روز قبل بلوچستان کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ اس صوبے کو پرامن بنانے میں ہر سطح پر جائیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ کو عملی جامہ پہناکر دہشت گردوں کا خاتمہ کریں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38