پی آئی اے کا بین الاقوامی آپریشن جزوی طور پر بحال۔ حکومت تحفظ دے پروازیں چلا دینگے: صدر پالپا، وزیر اعظم ملاقات کےلئے بلائیں: چیئرمین ایکشن کمیٹی
5روز سے بند پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازیں جزوی طور پر بحال ہونے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ مسئلہ جلد ہو گا اور مکمل پروازیں بھی جلد ہی بحال ہونگی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ایک بار پھر تمام ملازمین سے کہا ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹیوں پر فوراً حاضر ہوں۔ پی آئی اے کے پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے صدر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ پروازوں کی بندش کے پہلے بھی خلاف تھے اب بھی ہیں اگر حکومت انہیں تحفظ فراہم کرے تو وہ پروازیں چلا دینگے۔ اس صورتحال میں دیگر شعبوں کے ملازمین بھی ڈیوٹی پر حاضر ہوں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ کراچی ائر پورٹ کے بعد لاہور ائر پورٹ سے بھی فلائٹ آپریشن شروع ہو چکا ہو گا۔ ہڑتالیوں کی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کےلئے بلانے کی درخواست کی ہے تو وزیر اعظم بھی اس اپیل پر ہمدردانہ غور کرے تاکہ اس مسئلے کا حل نکلے اور ہزاروں مسافروں کو اذیت سے نجات ملے۔ ان حالات میں ہماری سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ پی آئی اے کی نجکاری کے مسئلے پر سیاست کرنے کی بجائے عوام کو درپیش دیگر بڑے مسائل کے حل پر زور دیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جس طرح ڈیرہ مراد جمالی میں پٹرول کی قیمت 20روپے فی لٹرکم کرنے کےلئے حکومت پر زور دیا ہے اگر وہ ایسے مسائل پر ڈٹ جائیں تو عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور وہ حقیقی اپوزیشن رہنما بن کر حکومت کے مقابل کھڑے ہو سکتے ہیں۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024