ضرب عضب آپریشن کی کامیابیاں

ایڈیٹر  |  اداریہ
ضرب عضب آپریشن کی کامیابیاں

سکیورٹی فورسز نے آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں کے مزید کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں جہاں زمینی کارروائیاں کی جا رہی ہیں` وہیں ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔جس میں ازبک باشندوں سمیت بیسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے پانچ ٹھکانے اور اسلحہ کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا۔پاک فوج ضرب عضب آپریشن کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک 400 دہشت گرد ہلاک کئے جا چکے ہیں۔پاک فوج نے سوات اور جنوبی وزیرستان سے جس طرح دہشت گردوں کاقلع قمع کیا تھا‘ اسی طرح وہ بہت جلد شمالی وزیرستان میں بھی حکومت کی رٹ بحال کرکے وہاں امن قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اس وقت نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوزکر گئی ہے۔ متاثرین کی رجسٹریشن کو جلد مکمل کرکے انہیں کیمپوں میں بھیجا جائے۔ جبکہ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں متاثرین کو خوراک کی کمی نہیں آنی چاہئے۔ اس علاقے کے لوگ ویسے بھی مذہب سے بہت لگاﺅ رکھتے ہیں۔ سبھی متاثرین روزہ رکھتے ہیں۔ ان کیلئے افطاری اور سحری کے انتظامات بہتر کئے جائیں۔جس قدر حکومت کو مقامی لوگوں کی سپورٹ ہوگی‘ اس قدرجلد آپریشن مکمل اور کامیاب ہوگا۔ جو علاقے پاک فوج کلیئر کر رہی ہے‘ وہاں متاثرین کے مکانات کی تعمیر شروع کر دینی چاہئے تاکہ آپریشن مکمل ہوتے ہی متاثرین اپنے گھروں میں واپس جا کر معمول کے مطابق زندگی گزار سکیں۔