سی پیک سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن چین نے مالی امداد روک لی

ایڈیٹر  |  اداریہ
سی پیک سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن چین نے مالی امداد روک لی

سی پیک منصوبوں میں کرپشن‘ چین نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے مالی امداد عارضی طورر پر روک دی۔ چینی حکومتی عہدیدار پاکستان میں کرپشن کی خبروں کی اشاعت سے کافی پریشان تھے: حکام
پاکستان میں کرپشن کی پھیلی وباء سے ہمارا عظیم دوست چین بھی متاثر ہوتا نظر آرہا ہے خاص طور پر جب سی پیک میں شامل سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں میں کرپشن کے حوالے سے خبریں گرم ہیں تو ان کا لامحالہ اثر چینی حکام پر بھی پڑتا ہے۔ یہ صرف سی پیک منصوبے کے زیراہتمام سڑکوں کی تعمیر کا مسئلہ نہیں پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور اعتماد کا سوال بھی ہے۔ کیا کرپشن کرنیوالے عناصر اتنے طاقتور ہوگئے ہیں کہ وہ ریاست اور قانون سمیت کسی کو بھی خاطر میں نہیں لارہے۔ اگرچہ چینی حکام نے وضاحت کی ہے کہ یہ مالی امداد عارضی طور پر روکی گئی ہے تاہم حقیقت یہی ہے کہ مالی بدعنوانیوں اور کرپشن کی وجہ سے ہی یہ نوبت آئی ہے۔ اب سی پیک منصوبے کے تحت ایک ارب روپے سے جاری 3 سڑکوں کے منصوبے متاثر ہونگے۔ اگر ہم اپنے دوست کو اس کی امداد سے جاری ان سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کرپشن کی شکایات پر مطمئن نہ کرسکے تو اس کا اثر پورے سی پیک پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اس خبر سے ہماری جو جگ ہنسائی ہوگی وہ علیحدہ ہے‘ چین کی نظروں میں بھی ہماری کیا عزت رہ جائیگی اس لئے حکومت فوری طور پر اس سکینڈل کے کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔