سب سے بڑے انڈر پاس کا افتتاح

ایڈیٹر  |  اداریہ
سب سے بڑے انڈر پاس کا افتتاح

وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں بننے والے پاکستان کے سب سے بڑے بیجنگ انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔ انڈر پاس پر ساڑھے 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔
کینال روڈ پر چین کے تعاون سے بننے والے اس عظیم الشان منصوبے کے افتتاح کی تقریب میں چینی مہمان بھی شریک تھے۔ بیجنگ انڈر پاس جو 1.3 کلومیٹر طویل اور 5.1 میٹر اونچا ہے ‘ 125 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ اسکی بدولت ٹھوکر نیاز بیگ سے لیکر ہربنس پورہ تک کینال روڈ سگنل فری ہو گئی ہے جس کی وجہ سے علاقے کے عوام اور یہاں آنے جانیوالے مسافروں کو راحت ملے گی۔ اس سے قبل اس علاقے میں ہمیشہ بدترین ٹریفک جام رہتی تھی اور لوگ اسکی وجہ سے پریشان تھے۔ وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے بجا طور پر اس منصوبے کو لاہور اور بیجنگ کے درمیان تعلقات کا ایک پل قرار دیا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی لازوال علامت ہے تو اسکے ساتھ ساتھ لاہور کے شہریوں کیلئے ایک نعمت غیر مرقبہ بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی کوششوں کے باعث ریکارڈ مدت میں بننے والے اس انڈر پاس سے ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی رہے گی۔اس منصوبے کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ اسکی تعمیر میں اردگرد کے ماحول کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے جس کیلئے لینڈا سکیپنگ کے ساتھ 41 ہزار نئے پودے لگائے گئے ہیں۔