دفاع پاکستان میں قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے

ایڈیٹر  |  اداریہ

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شہدائے گیاری کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دینے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔جب تک قوم کا ساتھ رہا ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔
پاکستان کو آج اندرونی اور بیرونی محاذ پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پاک فوج دونوں محاذوں پر ڈٹی ہوئی ہے ۔ آرمی چیف نے اس حوالے سے گیاری سیکٹر میں اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے موقع پر ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔نا مساعد حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج تیار اورپُر عزم ہے تو اسی جذبے کے ساتھ قوم بھی اس کے شانہ بشانہ ہے۔قوم اور پاک فوج کی کوششوں ہی سے آج پاکستان ایٹمی طاقت اور جدید ترین میزائلوں اوردیگر اسلحہ سے لیس ہے۔دفاع ِ وطن کے حوالے سے قوم ہمیشہ فوج کے ساتھ ہوگی اور ان شاء اللہ ملک پر کبھی آنچ نہیں آئے گی۔