حکومت پنجاب کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ

حکومت پنجاب کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ


لیپ ٹاپ سکیم‘ میٹرو بس سروس اور اجالا پروگرام کے احتساب کیلئے حکومت پنجاب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل میں معاہدہ ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ انہوں نے خود کو اپنی ٹیم کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اگر ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو میں سزا کیلئے تیار ہوں۔ یہ رپورٹ من و عن عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
 وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے جانے والے ان منصوبوں کی جہاں حمایت کرنے والے بے شمار ہیں وہاں ان کی مخالفت بھی کی جاتی رہی ہے۔ مخالفین نے ان منصوبوں کو فضول خرچی اسراف‘ کرپشن اور ناجانے کیا کچھ کیا کچھ کہا۔ جبکہ حمایت کرنے والے انہیں خدمت خلق عوام دوستی اور علم کی خدمت قرار دے رہے ہیں۔
ان حالات میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ان منصوبوں کی شفافیت کے سلسلے میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے معاہدہ ایک اچھی روایت قرار دی جا سکتی ہے۔ اگر ہمارے وفاقی اور دیگر صوبوں کی حکومتیں بھی اسی طرح اپنے آپ کا اور اپنے کاموں کا احتساب کرائیں تو کسی کی جرات نہ ہو گی کہ وہ کوئی گھپلا کر سکے اور عوام بھی ان کی ذات اور ترقیاتی منصوبوں کی کھلے دل سے تصدیق کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسطرح کی روایت ڈال کر ایک اچھا قدم اٹھایا ہے۔