وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دھرنے دینے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ابھی جلسے نہیں کئے‘ جب جلسے کئے تو لگ پتہ جائیگا‘ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے ہم تعمیر و ترقی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے ۔ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ مٹھی بھر لوگ الگ کھڑے ہیں۔
دھرنوں کے باعث وفاقی دارالحکومت میں زندگی کے معمولات بُری طرح متاثر ہوئے۔ایک ہفتہ تک تو سرکاری امور بھی انجام نہ دئیے جاسکے۔ اہم دفاتر کوجانے والے راستے اب بھی بند ہیں۔وفاقی دارالحکومت کے مکمل یا جزوی طور پر مفلوج ہونے کے اثرات پورے ملک پر پڑرہے ہیں۔ انہی دھرنوں کی وجہ سے چین سمیت تین ممالک کے سربراہوں کے دورے مئوخر یا منسوخ ہوئے جس کے باعث اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوئی۔ وزیر اعظم نواز شریف خود کہتے ہیں کہ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے پھر کیسے وہ کہہ سکتے ہیں کہ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے ہم تعمیر و ترقی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ دھرنوں کے ہوتے ہوئے تعمیروترقی کے سفر کا جاری رہنا ممکن نہیں۔جلسوں کا جواب جلسوں سے دیکر سیاسی کشیدگی کم نہیں ہوگی بلکہ بڑھے گی۔جلسوں میں گالیوں کا تبادلہ مزید شدت سے ہوگا۔حکومت شایدچاہتی کہ دھرنے والے تھک ہار کر اپنے گھروں کو چلے جائیں، اول تو ایسا ہوتا نظر نہیں آتا اگر ایسا ہو بھی گیا تو حکومت کواس سے کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ،دھرنے والے ہر شہر میں مظاہرے کرینگے ۔ تحریک انصاف کی سیاسی طاقت تو کراچی اور لاہور کے جلسوں میں واضح ہوگئی ۔حکومت دھرنے سنجیدگی سے مذاکرات کے ذریعے ختم کرائے یا عوام کا اعتمادبحال کرے ‘ اسکے لئے الزاماتی سیاست سے گریز کرکے عوام مسائل کو ترجیحی اور جنگی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38