دوبئی میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اور ایم پی اے کے اعزاز میں تقریب

صحافی  |  طاہر منیر طاہر

گزشتہ دنوں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود اور ایم پی اے اعجاز احمد خان دوبئی تشریف لائے تو ان کے اعزاز میں مسلم لیگ ن گلف ریجن کے جنرل سیکرٹری محمد افتخار بٹ اور مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے صدر چودھری محمد الطاف کی طرف سے ظہرانہ اور عشائیہ کی تقریبات ہوئیں جس میں مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نورالحسن تنویر، پی ایم ایل این دوبئی کے صدر بعدالوحید پال دیگر لیگی کارکن انجینئر احسان اللہ۔ سہیل گھمن، احسان الحق باجوہ اور پی ایم ایل این کے کوآرڈینیٹر چودھری خالد بشیر بھی موجود تھے۔ ظہرانہ کی تقریب میں معروف شاعر ادیب عطاءالحق قاسمی اور عزیز احمد نے بھی شرکت کی۔ ظہرانہ کی تقریب دوبئی کے ایک اعلیٰ ہوٹل میں جبکہ عشائیہ کی تقریب دنیا کے پہلے سیون سٹار ہوٹل برج العرب میں ہوئی۔ دونوں تقاریب میں لیگی رہنماﺅں نے ملکی اور بین الاقوامی موجودہ حالات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر رانا مشہود نے کہاکہ وہ حال ہی میں شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ جرمنی گئے تھے جہاں سولر انرجی سسٹم کےلئے عظیم معاہدہ سائن کیا گیا۔اس معاہدہ کے تحت جرمنی پاکستان میں سولر انرجی کے شعبہ میں تعاون کرے گا۔ رانا مشہود نے کہا کہ نواز شریف ملک کا سافٹ امیج ابھارنے کےلئے اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں جبکہ خادم اعلیٰ پنجاب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور ممکنہ سہولیات فراہم بہم پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لیپ ٹاپ کی کامیاب تقسیم سے معیار تعلیم بلند ہوا ہے جبکہ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب صوبہ خیر پختونخواہ میں وہاں کی حکومت لیپ ٹاپ تقسیم کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نور الحسن تنویر نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک پاکستان مسلم لیگ ن اور قائد محترم محمد نواز شریف کی مقبولیت کا گراف بڑھ رہا ہے جس کا اعتراف غیر ملکی سروے کمپنیاں اور ایجنسیاں بھی کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف پورے ملک میں واحد شخص ہیں جو ملکی مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔