ترقی یافتہ علاقوں کے مساوی سہولیات فراہم کرنا میرا فرض ہے: فردوس عاشق

دوبئی (طاہر منیر طاہر) حلقہ انتخاب کے لوگوں کے مسائل حل کرنا اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے مساوی سہولیات فراہم کرنا میرا فرض ہے اور میری یہ کوشش ہے کہ این اے 111 کے تمام دیہات و قصبوں کے لوگوں کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کر دی جائیں تاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو بھی شہری علاقوں کے مساوی حقوق مل سکیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نوائے وقت سے بات چیت میں کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہیڈ مرالہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ہیڈ مرالہ اور اس کے قرب و جوار میں واقعے دیہات و قصبات کو سوئی گیس فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ وہ عوام سے کیا گیا یہ وعدہ پورا کر رہی ہیں اور ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ غیر ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے لہٰذا پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح رہے گی۔