64سیاست دانوں کے بیرون ملک اثاثوں کیخلاف درخواست، ڈپٹی اٹارنی جنرل کی طلبی
لاہور(آئی این پی) لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف، شہبازشریف، پرویز الہی سمیت 64سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں سیاست دانوں اور دیگرشخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مامون رشید شیخ نے جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سیاسی اور کاروباری شخصیات نے پاکستان سے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے، جن میں نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی سمیت دیگر افراد شامل ہیں ۔درخواست گزار جاوید اقبال جعفری نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ڈیرھ سو جائیدادیں خرید یں، جس سے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا، لہذا عدالت سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لائیں جائیں، اسی طریقے سے ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کے وکیل کو بھی جواب جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔