افطارپارٹیوں کے بعد عید ملن پارٹیاں

افطارپارٹیوں کے بعد عید ملن پارٹیاں

مکتوب دوبئی ۔۔۔ طاہر منیر طاہر
ماہ رمضان میں افطاریوں کے بعد عید کے دن سے ”عید ملن پارٹیوں“ کا سلسلہ چل نکلتا ہے۔وطن سے ہزاروں میل دور پردیسی کسی نہ کسی طور مل بیٹھنے کا بہانہ بنا لیتے ہیں۔ ویسے تو متحدہ عرب امارات کی دیگر امارات میں کافی عید ملن پارٹیاں ہوئیں لیکن ایک عید ملن پارٹی اس لئے اہمیت اختیار کر گئی کہ اس میں صرف اور صرف صحافی مدعو تھے۔ پاکستانی کمیونٹی کے ابھرتے ہوئے بزنس مین میگا گلف ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر اور پاکستان پیپلزپارٹی یواے ای کے سرگرم کارکن چودھری محمد شکیل کی طرف سے منعقد کی جانے والی عید ملن پارٹی میں پاکستانی مقامی اور بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے امارات میں مقیم پاکستانی صحافی شامل تھے۔ جن میں محمد عبدالقدوس خلیج ٹائمز، طاہر منیر طاہر روزنامہ نوائے وقت، حافظ زاہد علی روزنامہ الشرق، ارشد انجم ہفت روزہ اردو دنیا، ابو الحسن روزنامہ الشرق سمندر پار ویکلی، ملک عامر نوید روزنامہ دن، خالد محمود گوندل ویکلی جذبہ انٹرنیشنل، حافظ عظمت انصاری ویکلی اردو دنیا، شیخ محمد پرویز روزنامہ جسارت، ارشد رانا وکلی امارات نیوز، سبط عارف جیو ٹی وی، زریں تاج عبدالوحید اے آر وائی ٹی وی، منظور بھٹی آج ٹی وی، ارشد چودھری روزنامہ الشرق ابوظہبی اردو جمیل خان گلف ٹوڈے شارجہ نے شرکت کی۔دوبئی کے ایک معروف ہوٹل میں تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی اس عید ملن پارٹی میں تمام دوستوں نے ہر موضوع پر کھل کر گپ شپ لگائی جبکہ پاکستانی سیاست، موجودہ حکومت اور ہمارے سیاستدان خاص طور پر موضوع بحث رہے۔ یہ پروگرام اس لحاظ سے منفرد رہا کہ اس میں کوئی سیاسی تقریر نہیں ہوتی بلکہ خوش گوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوتا رہا۔ تقریب میں موجود تمام صحافیوں نے کسی سیاسی مقصد کے بغیر اس پارٹی کے انعقاد پر چودھری محمد شکیل کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب کے میزبان چودھری محمد شکیل نے اتنی بڑی تعداد میں میڈیا کے ارکان کی موجودگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے صحافیوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔