پشتون بچی ب فارم منسوخی کیس : غیر تسلی بخش جواب پر نادرا ، وزارت داخلہ پر ہائیکورٹ برہم
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے کمسن پشتون بچیوں کے ب فارم منسوخ کرنے کیخلاف دائر درخواست پر غیرتسلی بخش جواب دینے پر نادرا اور وزارت داخلہ کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مفصل جواب دینے کیلئے آخری موقع دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار نے کمسن بچیوں کے باپ ولی محمد کی درخواست پر سماعت کی جس بچیوں کے ب فارم منسوخ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ دوران سماعت درخواستگزار کے وکیل چوہدری شعیب سلیم نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان بننے سے قبل مقیم ہے۔تاہم نادرا نے پاکستانی شہری نہ ہونے کا الزام لگاکرپورے خاندان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے۔ دوران سماعت نادرا کے وکیل نے بتایا کہ حساس ادارے نے رپورٹ دی کہ درخواست گزار پاکستانی شہری نہیں اور نادرا کے رولز آف بزنس کے مطابق ایسے معاملے پر حساس ادارہ ہی تفتیش کرتا ہے فاضل عدالت نے َافسوس کا اظہار کیا کہ چار مہینے گزر گئے۔ لیکن نادرا نے جواب جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے جواب جمع کرانے کیلئے نادرا کو آخری موقع دیتے ہوئے باور کرایا کہ اگر 6 جون تک جواب نہ آیا تو نادرا کو مزید مہلت نہیں ملے گی۔