کالا شاہ کاکو : ہلاک اور گرفتار دہشت گردوں کی شناخت : چار کا تعلق پنجاب‘ دو کا وزیرستان سے نکلا
لاہور+ فیروزوالا (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کالاشاہ کاکو میں سرچ آپریشن کے دوران خود کو اڑانے والے اور ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ 4 دہشت گردوں کا تعلق پنجاب سے اور 2 کا شمالی وزیرستان سے ہے۔ خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کا نام ابدالی اور تعلق وانا سے ہے۔ دہشت گرد ابدالی القاعدہ پنجاب کا کمانڈر تھا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹس، راکٹ لانچرز، ہینڈگرنیڈ، حساس مقامات کے نقشے، لیپ ٹاپ اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا، 2 دہشت گرد شمالی وزیر ستان جبکہ 4 دہشت گرد پنجاب کے مختلف اضلاع سے لاہور آئے تھے۔ گزشتہ رات حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک خود کشن بمبار نے خود کو اُڑا لیا تھا جبکہ تین دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تمام دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت صفی اللہ، حبیب، علی، مزمل کے نام سے ہوئی۔ دہشت گرد عبدالرشید اور عدنان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پٹھان کالونی (فیروزوالا) میں مارے جانے والے چاروں دہشت گردوں کے فنگر پرنٹ فرانزک لیب کے ایکسپرٹ نے حاصل کرلئے جن کا نادرا کے ذریعے ریکارڈ چیک کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں مارے جانے والے دہشت گردوں کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے انکی نعشوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ بھیج دیا گیا۔ 2 دہشت گردوں نے داڑھی رکھی ہوئی تھی جبکہ دو بغیر داڑھی کے تھے۔ دہشت گردوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ مزید براں پٹھان کالونی میں دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر شہریوں نے پاک وج زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔ سارا دن علاقے میں خوف و ہراس کی فضا رہی۔ شہریوں کے مطابق دہشت گردوں نے بارہ روز قبل مکان کرایہ پر حاصل کیا تھا۔ اس مکان مالک کا نام مبشر فیصل بتایا گیا ہے۔ کرایہ داری کے بارے میں مالک مکان نے متعلقہ تھانہ فیروزوالا میں کوئی اندراج نہیں کرایا۔ اس سانحہ کے بعد پٹھان کالونی، رچنا ٹاﺅن، سگیاں پل، بیگم کوٹ،کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ کے ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔ چند مشکوک افراد کی گرفتاری کے بارے میں اطلاع ملی مگر اس کارروائی کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ کی آبادی پٹھان کالونی (فیروزوالا) میں آپریشن کے دوران مقامی پولیس کو آگے جانے سے روکدیا گیا۔ قائم مقام ڈی پی او شیخوپورہ نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے جن کو آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ علاوہ ازیں حساس ادارے کے ہاتھوں آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ مناواں سنٹر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کالاشاہ کاکو کے قریب دہشت گردوںکے خلاف کامیاب کارروائی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا مظاہرہ کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے جرا¿ت اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسروں اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں دہشت گردوں کی ہلاکت اور گرفتاری کو پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے کامیابی قرار دی گئی ہے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری عمارتوں کے نقشے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی ادارے کئی روز سے ان کی ریکنگ کررہے تھے اور کارروائی کیلئے مناسب موقع کی تلاش میں تھے دہشت گرد 21 رمضان کو یوم حضرت علیؓ اور عید پر بڑی کارروائیوں کی تیاری کرچکے تھے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد آئی جی آفس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے دفاتر اور مختلف شاپنگ سنٹر کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ دہشت گردوں کو گزشتہ دنوں جناح ہسپتال کے قریب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ان کے ساتھی حسن ظہیر کی گرفتاری کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریشن میں کاﺅنٹر ٹرارسم ڈیپارٹمنٹ ایلیٹ فورس، سپیشل کمانڈرز سمیت مختلف سکیورٹی اداروں نے حصہ لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنا پر شہر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اے ایف پی کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ 3 مارے گئے۔ دہشت گردوں سے 3 خودکش جیکٹس، ایک راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دہشت گردوں کی شناخت