قتل یا خودکشی ؟گارڈن ٹائون میں کمسن گھریلوملازم کی پھندے سے ہلاکت
لاہور (نامہ نگار) گارڈن ٹائون کے علاقہ میں 13 سالہ گھریلو ملازم پراسرار طور پر گلے میں پھندا لگنے سے ہلاک ہوگیا ہے۔ مالک کے مطابق لڑکے نے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کی ہے۔ پولیس نے حالات واقعات مشکوک ہونے پر نعش مردہ خانے جمع کروا کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گارڈن ٹائون کے علاقہ ابوبکر بلاک میں اعظم کلاتھ مارکیٹ کے کپڑے کے تاجر ندیم طاہر کے گھر 13 سالہ لڑکا محمد بوٹا بطور گھریلو ملازم کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز گھر کے مالکان نے 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع کی کہ ان کے گھریلو ملازم لڑکے نے تار سے کپڑا لٹکا کر اس سے گلے میں پھندا لیا اور خودکشی کرلی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی اور فرانزک سائنس لیبارٹری کے موبائل یونٹ کو موقع پر بلا لیا جس نے فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کروا دی ہے۔