سابقہ دشمنی پر 3 بھائیوں نے فائرنگ کر کے مخالف کو قتل کر دیا

فیروزوالا (نامہ نگار) لاہور روڈ پر قصبہ ماتم میں سابقہ عداوت کی بنا پر تین سگے بھائیوں نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے فائرنگ کر کے مخالف غلام قادر کو ہلاک کر دیا، ملزمان فرار ہو گئے۔ مقتول کے ورثاء نے مقتول کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ماتم کے رہائشی غلام قادر حال ہی میں قتل کے مقدمہ میں بری ہو کر آیا۔ گذشتہ روز اپنے ڈیرہ پر جا رہا تھا راستے میں سلیم، شاہد وغیرہ نے مسلح ہو کر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا ملزمان فرار ہو گئے۔ شرقپور پولیس نے ملزموں کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس شرقپور نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔