ٹریفک حادثات میں ایک شہری جاں بحق‘ 5 شدید زخمی

ٹریفک حادثات میں ایک شہری جاں بحق‘ 5 شدید زخمی

لاہور + فیروز والا (اپنے نمائندے سے + نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور روڈ پر جاوید نگر کے قریب تیز رفتار ٹرالہ نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔ جس کے باعث ایک نوجوان ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھکھی کے رہائشی دو دوست لبھا اور شیر علی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جا رہے تھے کہ جاوید نگر (کوٹ عبدالمالک) کے قریب تیز رفتار ٹرالہ نے انہیں ٹکر مار دی جس کے باعث لبھا موقع پر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی شیر علی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثناءصوبائی دارالحکومت میں گجر پورہ کے علاقہ میں تیز رفتار موٹرسائیکل رکشہ الٹنے سے مبشر الماس‘ قدیر اور معین شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ شیراگیٹ باغبانپورہ کے علاقہ میں آصف اور مشتاق تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔