نوسربازوں نے نشہ آور اشیا کھلا کر 5 افراد کو ہزاروں روپے اور قیمتی موبائل فونز سے محروم کردیا

لاہور (اپنے نمائندے سے) صوبائی دارالحکومت میں نوسربازوں نے نشہ آور اشیاءکھلا کر 5 افراد کو بے ہوش کر کے لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے علاقہ میں سلام کیلئے آنے والے یاسین اور اس کے دوست اعظم کو نوسربازوں نے نشہ آور اشیاءکھلا کر بیہوش کر دیا اور جیب سے 5 ہزار روپے اور 2 موبائل ٹیلیفون نکال لئے۔ شیراکوٹ کے علاقہ میں گوجرانوالہ کے رہائشی شادی بٹ کو نوسربازوں نے نشہ آور جوس پلا کر بے ہوش کر کے 35 ہزار اور موبائل فون سے محروم کر دیا۔ شادباغ کے علاقہ میں محمود بھٹی اور شفیق کو نوسربازوں نے نشہ آور اشیاءکھلا کر بے ہوش کر کے ہزاروں کی نقدی ہتھیا لی۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔