نائب قاصد میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کرنے پر ای ڈی او ایجوکیشن فیصل آباد کو ہائیکورٹ میں 2 گھنٹے سزا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائی کورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے فیصل آباد محکمہ تعلیم کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر کے سیکشن آفیسر مظفر الحق کو شعبہ میں بھرتی کی میرٹ سے ہٹ کر فہرست جاری کرنے پر عدالت میں دو گھنٹے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے روبرو ادارے میں نائب قاصد کی سیٹ پر درخواست دینے والے شہری نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ میں کوٹہ کی بنیاد پر نائب قاصد کے عہدہ پر درخواست دی لیکن درخواست گذار کو محکمہ میں بھرتی نہیںکیا گیا حالانکہ اس عہدہ پر صرف ایک ہی درخواست آئی تھی وہ بھی درخواست گذار کی تھی لیکن اس کے باوجود اسے محکمہ میں بھرتی نہیں کیا گیا۔ فاضل عدالت میرٹ کی فہرست غلط جاری کرنے پر سیکشن آفیسر کو عدالت میں حراست میں لینے کا حکم دے دیا۔