میٹرک امتحانات کے داخلہ فارم میں عمر پر اعتراض درست نہیں: صوبائی محتسب

لاہور (وقائع نگار) صوبائی محتسب خالد محمود نے پنجاب بھر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے چیئرمین صاحبان کو حکم دیا ہے کہ میٹرک کے امتحانات میں داخلہ فارم میں عمر کے بارے میں اعتراض لگانے کا کوئی جواز نہیں اور ایسا کرنا یو این کے چارٹر کے بھی خلاف ہے۔ صوبائی محتسب نے یہ ہدایات نوازشریف گرلز ہائی سکول نکلسن روڈ لاہور کی طالبہ بشریٰ مجاہد کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر جاری کی ہیں۔ بشریٰ مجاہد کے 2013ءکے میٹرک کے امتحان کیلئے جمع کرائے گئے فارم پر لاہور بورڈ نے یہ اعتراض کرکے فارم مسترد کردیا تھا کہ طالبہ کی عمر 13 سال سے کم ہے۔ بشری ٰمجاہد نے موقف اختیار کیا تھا کہ عمر کا تعین اس وقت کرنا چاہئے تھا جب درخواست دہندہ نے مڈل کا امتحان دیا تھا اور یہ امتحان بھی بورڈ کے ذریعے دیا گیا۔ صوبائی محتسب نے انکوائری آفیسر میاں محمد افضل کی رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے بشریٰ مجاہد کی درخواست منظور کرلی اور لاہور بورڈ کو اسکا فارم منظور کرنے کی ہدایت کی۔