جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 4 افراد گرفتار

لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ انسپکٹر رانا شیواظ نے لیبیا کے جعلی ویزے پر امارات ایئرلائنز کے ذریعے لیبیا جانے والے محبوب علی کو گرفتار کر لیا جبکہ ایتھنز جانے والے دو مسافروں سید علی رضا اور فہد عزیز کو پاسپورٹ اور یونان میں قیام کے اجازت نامے پر تصویر تبدیل کرکے سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سید علی رضا عبدالمجید کے پاسپورٹ اور فہد عزیز محمد نعیم کے پاسپورٹ پر تصویر تبدیل کرکے سفر کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر رانا شیواظ نے جنوبی افریقہ جانے والے مدثر اقبال کو جعلی ویزے پر سفر کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ چاروں ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر چودھری احمد نے انہیں تھانہ پاسپورٹ سرکل کے حوالے کر دیا۔