یوم علیؓ کو پر امن بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: حیدر اشرف

لاہور (سٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ یوم ِعلی ؓ کو پُر امن بنانے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے شہربھر بالخصوص سٹی ڈویژن میں شاہدرہ ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بند روڈ کے علاقوں میں افغان بستیوں ، ہوٹلز،سرائے اور بس سٹینڈز کے علاوہ ریلوے اسٹیشن کے گردونواح میں سرچ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیئے جا رہے ہیں یومِ علی ؓ کے مرکزی جلو س کے روٹ کی سکریننگ کی جارہی ہے اور متعلقہ محکموں سے لائٹنگ و دیگر انتظامات مکمل کروائے جارہے ہیں جلوس میں داخل ہونے سے پہلے مکمل جسمانی تلاشی لی جائے گی اور گاڑیوں کو چیک کرنے کیلئے سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یومِ علی ؓ کے مرکزی جلو س کے روٹ کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی محمد نوید ودیگر متعلقہ پولیس افسران و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ کے چاروں اطراف ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیاںگشت کریں گی۔