عبوری ضمانت کے باوجود شہری کی حراست، اہل علاقہ کا عدالت کے باہر خاموش احتجاج

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عبوری ضمانت کے باوجود شہری کو حراست میں لینے پر اسکے محلے داروں نے سیشن عدالت کے باہر خاموش احتجاج کیا۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی ایس پی شاہدرہ ٹاؤن کو طلب کر لیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی قمر کی عدالت میں ڈی ایس پی کیخلاف شہری بلال نے توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اس کو ضمانت کے باوجود زبردستی تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں بند کیا گیا۔ اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم پر بلال علی مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کیلئے تھانے گیا جہاں پر ڈی ایس پی شاہدرہ ٹاون نے تفتیش کرنے کی بجائے اسکو تھانے کے اندر بٹھا دیا۔لہذا ڈی ایس پی توہین عدالت کا مرتکب ہوا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر شاہدرہ ٹاون کے مکین عدالت کے باہر ہاتھ اٹھا کر خاموش احتجاج کرتے رہے۔ عدالت نے سماعت کے بعدڈی ایس پی شاہدرہ ٹاون کو توہین عدالت کی درخواست پر جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔