لاہور: شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا، ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان، کامونکی میں 2 بھائی زخمی

لاہور: شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا، ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان، کامونکی میں 2 بھائی زخمی

لاہور+ کامونکے (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) کاہنہ میں شہری نے واردات کیلئے کھڑے ڈاکو کو فائرنگ کر کے قتل کردیا جبکہ لاہور میں مزاحمت پر نوجوان کاہنہ میں 2 بھائی ڈاکوؤں کے ہاتھوں شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے قریب 6 ڈاکوؤں نے گاڑی سوار بھٹہ مالک وحید میو کو رکنے کا اشارہ کیا۔ وحید نے خطرے کے پیش نظر اپنا پستول نکال لیا اور ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو عرفان عرف اچھا جو شیخوپورہ کا رہائشی تھا، مارا گیا جبکہ اسکے ساتھی ڈاکو خوفزدہ ہو کر فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ وحید میو اپنی گاڑی پر گوالہ کالونی گھر جا رہا تھا جبکہ مرنیوالا ڈاکو عرفان عرف اچھا شیخوپورہ اور لاہور پولیس کو مطلوب تھا۔ دریں اثناء بادامی باغ حنیف پارک میں عمران کو دو ڈاکوئوں نے 22 ہزار روپے چھیننے کے بعد مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کردیا۔ ڈیفنس اے ڈبل اے بلاک میں عبدالمنعم کے گھر سے تین ڈاکو 14 لاکھ کی نقدی اور گاڑی، سبزہ زار حسین ٹائون ملتان روڈ کی رہا ئشی سمیعہ کے گھر سے ساڑھے 9 لاکھ کی نقدی زیورات، باغبانپورہ میں تسکین کے گھر سے ایک لاکھ 30 ہزار،کاہنہ میں عزیز مسیح کے گھر سے ایک لاکھ 20 ہزار کی نقدی زیورات، شفیق آباد میں فارمیسی سے ایک لاکھ 60 ہزار کی نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ مناواں رنگ روڈ پر واقع جاوید اقبال کی فیکٹری سے چور 15 لاکھ کی موٹریں اور کیبل لے گئے۔ نواب ٹائون میں ڈاکوئوں نے پی بلاک میں ہما حیدر سے 30 ہزار اور جے بلاک میں رخسانہ منظور سے 30 ہزار کی نقدی زیورات، گارڈن ٹائون میں اسد اللہ سے 6 لاکھ، کاہنہ ہلوکی میں محمد حسین اور اسکی فیملی سے 5 لاکھ کی نقدی زیورات،گلشن اقبال رضا بلاک میں عمر سے ایک لاکھ 30 ہزار، گجر پورہ چائینہ سکیم میں عمران سے 87 ہزار، ٹائون شپ میںرضوان اور اسکی فیملی سے دو لاکھ 30 ہزار، شادباغ فضل پارک میں عمران اور اسکی فیملی سے 8 لاکھ مالیت کی نقدی زیورات، گرین ٹائون میں نسرین اختر سے 6 ہزار اور مو بائل چھین لیا۔ ادھر کامونکے کے محلہ درویش میں گذشتہ رات 3 مسلح ڈاکو یاسین راجپوت نامی شخص کے گھر میں گھس گئے۔ 26 سالہ محمد علی نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا اسی دوران دوسرے ڈاکو نے ساتھی کو چھڑوانے کیلئے اسلحہ کے بٹ سے اس پر تشدد کرنا شروع کردیا۔ اہل خانہ کے شور پر چھوٹا بھائی 20 سالہ محمد قیصر باہر آیا تو ڈاکوئوں نے اسے سر میں گولی مار کر شدید زخمی کر دیا اور واردات ادھوری چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ محمد قیصر کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ ریفر کردیا گیا۔