جہلم: قیدیوں، جیل ملازمین میں تصادم، 12اہلکاروں سمیت ایک درجن قیدی زخمی

جہلم (نامہ نگار) قیدیوں اور جیل ملازمین میں شدید ہنگامہ آرائی سے ڈسٹرکٹ جیل میدان جنگ بن گیا۔2جیل ملازمین اور متعدد قیدی زخمی ہو گئے۔ اضافی نفری بلا کر ہنگامہ آرائی پر قابو پایا گیا۔ گذشتہ روز گجرات اور ضلع منڈی بہائوالدین سے تعلق رکھنے والے ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں مقید قیدیوں اور جیل حکام میں اس وقت شدید ہنگامہ ہو گیا جب جیل عملہ نے بیرکوں کی صفائی کے لئے قیدیوں کو دوسری بیرک میں منتقل کرنا چاہا اور قیدیوں نے انکار کر دیا۔ تلخ کلامی کے بعد قیدیوں اور جیل ملازمین کے درمیان گھمسان کا رن پڑگیاجس میں دو جیل ملازمین محمد اکرام اور آفتاب انجم شدید زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایک درجن کے قریب قیدیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم جیل حکام سے اس کی تصدیق نہ ہو سکی۔ ادھر بعض ذرائع کا کہنا ہے ہنگامہ آرائی جیل حکام کی طرف سے قیدیوں سے منتھلی مانگنے پر ہوئی جب قیدیوں نے منتھلی دینے سے انکار کر دیا تو عملہ نے ان پر چڑھائی کر دی اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔