ڈی آئی جی کا سحری کے وقت کوٹ لکھپت جیل پر چھاپہ ، اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ہیڈ وارڈر معطل

لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن ملک مبشر احمدخان نے ڈیوٹی میں غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پرسنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمرفاروق اورہیڈ وارڈر اسلام کو معطل کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہور ریجن ملک مبشر احمدگزشتہ روز سحری کے وقت اچانک سنٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے کچن کی صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی ملک مبشر احمد خان نے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر کچن انچارج اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل عمرفاروق اورہیڈ وارڈن اسلام کو معطل کردیا ۔انہوں نے احکامات جاری کئے کہ سحری اور افطاری کے دوران تمام افسران موقع پر موجود ہوں، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے جبکہ جیل میں کھانے پینے کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ انہوں ے کاہ کہ ڈیوٹی میں غفلت ولاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔ دریں اثناء افطاری کے وقت ڈی آئی جی مبشر احمد خان نے اچانک کیمپ جیل کا معائنہ کیا ۔ قیدیوں ، حوالاتیوں کے ساتھ افطاری اور سپرنٹنڈنٹ کو انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔