ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک ، خاتون سمیت10 افراد زخمی

لاہور+فیروزوالا(نامہ نگار)ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک ہوگیاجبکہ خاتون سمیت دس افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق نواں کوٹ کے علاقہ میں ملتان روڈ پر بس کی ٹکر سے زخمی ہونے والا42سالہ نامعلوم شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔علاوہ ازیں شادمان کے علاقہ میں تیز رفتاری کے باعث کیری ڈبہ بے قابو ہوکر الٹ گیا ۔جس کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد زرینہ ،مشتاق، اسلام خان وغیرہ زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ دریں اثناء شاہدرہ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل رکشہ برساتی نالا میں گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے ۔ کالا خطائی روڈ پر کار بلی کے پول سے ٹکرا گئی جس کے باعث کار سوار دو افراد زخمی ہوگئے ۔