سستے اور فوری انصاف کیلئے وکلاء کا کردار ناگزیر ہے : گورنر پنجاب

سستے اور فوری انصاف کیلئے وکلاء کا کردار ناگزیر ہے : گورنر پنجاب

لاہور(خبر نگار+ کامر س رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے وکلاء کا کردار ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے ملتان ہائی کورٹ بار کے17 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وکلاء کے مسائل کو بہت قریب سے جانتا ہوں ۔ انہو ںنے کہا کہ وہ وکلاء کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے حوالے سے ہر اس منصوبے کا حصہ ہوں گے جو ان کی زندگی میں بہتر ی لانے کا باعث ہو ۔انہو ںنے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ملک میں وکلاء برادری کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے- انہو ںنے کہا کہ جب سائل پر انصاف کے تمام دروازے بند ہو جاتے ہیں تو وہ وکیل کو مسیحا سمجھتے ہوئے اس کے پاس آتا ہے لہذا وکیل کو بھی سائل کو اپنا کلائنٹ سمجھنے کی بجائے ایک مظلوم سمجھتے ہوئے اس کی دادرسی کے لیے تمام توانائیاں صرف کرنی چاہئیں-گورنر پنجاب نے اس موقع پر ملتان ہائی کورٹ بار میں لائبریری اور کمپیوٹر کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناء ، مسلم لیگ (ن) ملتان کے دس رکنی وفدنے بھی حاجی قیصر کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کی ۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹڑیڈ رز ونگ پنجاب خواجہ خاور رشید سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہاکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ملکی ترقی میں تاجروں کا کردار اہم ترین ہے۔