سیالکوٹ: پولیس اہلکار گھر میں گھس گئے، تاجر اور اس کے بیوی بچوں پر تشدد

سیالکوٹ (نامہ نگار) تھانہ کینٹ کے ایک درجن سے زائد اہلکاروں نے بزنس مین اور اس کے بیوی بچوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا ہے اور گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ تھانہ نیکاپورہ کے محلہ ظفر وال روڈ پر تھانہ کینٹ کی پولیس چوکی رجمنٹ بازار کے انچارج اے ایس آئی غلام مرتضی نے چودہ پولیس اہلکاروں کے ہمراہ رات ایک بجے بزنس مین شیخ وقار کے گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہونے کے بعد سامان الٹ پلٹ کردینے کے بعد تشدد کر کے شیخ وقار اوراس کی بیوی و بیٹی کو تشدد کر کے زخمی کر دیا ہے۔ متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ مسلح پولیس اہلکاروں نے بچوں کو بھی مارا اورگھر کی تلاشی کے دوران الماریوں سے دس ہزار روپے کی نقدی، بینک کے چیک اور قیمتی سامان بھی لے گئے اور مقدمات میں ملوث کر دینے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ کینٹ پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر عمران عباس کے مطابق تھانہ نیکاپورہ کی حدود میں چھاپہ اشتہاری مجرم کی گرفتاری کیلئے مارا گیا جوکہ گرفتار نہ ہو سکا ہے۔ ادھر بزنس مین کے گھر پولیس کی غنڈہ گردی کے واقعہ پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں بشیر تارڑ نے پولیس ملازمین کے خلاف تحقیقات کاحکم دیدیا ہے۔