لاہور: بادامی باغ میں دو گروپوں کی فائرنگ‘ 2 نوجوان جاں بحق
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ بادامی باغ کے علاقہ میں لین دین کے تنازعہ پر 2 گروپوں میں فائرنگ سے 2 بے گناہ دوست جاں بحق، تیسرا شدید زخمی ہو گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ شیر شاہ روڈ کے قریب رہائشی ذاکر حسین کا عادل نامی شخص کیساتھ لین دین کا تنازعہ تھا۔ گذشتہ روز ذاکر حسین نے ساتھیوں کے ہمراہ عادل کے گھر پر فائرنگ کر دی عادل نے بھی چھت سے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران حسین پارک کے رہائشی 20 سالہ فاروق اور 20 سالہ عمر اور 19 سالہ ضمیر جو وہاں پر واقع دکان سے برگر کھا رہے تھے، فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے۔ ہسپتال لیجاتے ہوئے فاروق اور عمر دم توڑ گئے جبکہ ضمیر کی حالت نازک بتائی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو مردہ خانے بھجوا دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نوجوانوں کے ورثاء کی درخواست پر ملزموں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی۔