لاء کالجز سے متعلق سپریم کورٹ کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ،سفارشات مرتب کی جائینگی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) غیر معیاری لاء کالجز سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے اجلاس میں کالجز کی انسپکشن اور نئے وکلاء کی انرولمنٹ کے طریقہ کار کی سفارشات مرتب کی جائیں گی سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیر معیاری لا کالجز پر لئے گئے ازخود نوٹس میں نو رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سفارشات طلب کر رکھی ہیں سینئر قانون دان حامد خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں واقع پاکستان بار کونسل کے دفتر میں منعقد ہوگا کمیٹی کے ممبر میاں ظفر اقبال کلانوری نے کہا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں قانون کی ڈگری کیلئے داخلہ ٹیسٹ نصاب میں نظرثانی امتحانی نظام میں موجود سقم پرچہ جات کی ترتیب وکلاء کی بار میں انرولمنٹ کے طریقہ کار ووکیشنل پروگراموں سول اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے امیدواروں کے امتحانات اور نظرثانی شدہ سلیبس کی تیاری سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔