دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پولیس اور شہریوں کا تعاون ضروری ہے: امین وینس

لاہور(سٹاف رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے ناپاک ارادوںکو ناکام بنانے  کے لیے پولیس اور شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے  اگر ہم ایسے افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے بروقت مطلع کر دیں تو دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے مذموم مقاصد کو بآسانی ناکام بنا کران کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ ہی جیتاجا سکتا ہے۔ دری اثناء سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ  میں پولیس افسران سے ہنگامی میٹنگ کے دوران کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی تھانے میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور ناجائز اسلحہ کا مقدمہ پرانی دفعہ کے تحت درج نہیں کیا جائے گا۔ تمام مقدمات پنجاب اسلحہ (ترمیمی) آرڈیننس 2015ء اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم (ریگولیشن) آرڈیننس 2015ء کے مطابق نئی دفعات کے تحت درج کئے جائیں۔