گھر کے ارد گرد رکاوٹیں لگا کر راستے بند کرنے پر سی ٹی او لاہور عدالت طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گھر کے اردگرد رکاوٹیں لگا کر راستے بند کرنے پر سی ٹی اولاہور کو جواب سمیت عدالت میں طلب کر لیا۔درخواست گزار مرزا ضیا الرحمان نے موقف اختیار کیا کہ چیف ٹریفک آفیسر نے اقبال ٹاﺅن میں سکیورٹی کے نام پر غیر قانونی طور پر رہائش گاہ کے ارد گرد راستوں پر رکاوٹیں قائم کرا رکھی ہیں۔ جس کی وجہ سے مقامی رہائشیوں،ہمسائیوں اور راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت کسی بھی شہری کی نقل و حرکت کو محدود نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے استدعا کی کہ مفاد عامہ کے پیش نظرعدالت سی ٹی او کی رہائش گاہ پر سے رکاوٹیں دور کرنے کا حکم دے۔جس پر فاضل عدالت نے سی ٹی او لاہور کو جواب سمیت عدالت میں طلب کر لیا۔