چیف جسٹس کو بتا دیا، عدالتیں عزت کریں تو وکلاء بھی کرینگے: ہائیکورٹ بار

چیف جسٹس کو بتا دیا، عدالتیں عزت کریں تو وکلاء بھی کرینگے: ہائیکورٹ بار

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت چوہان نے کہا  کہ لاہور بار شیروں کی بار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے  گزشتہ روز لاہور بار  کے جنرل سیکرٹری  سلیم لادی،سیکرٹری قسیم اسلم ہنجرا  کے خلاف ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب بار کونسل کو بھجوائے جانے والے ریفرنس کے خلاف ایوان عدل میں وکلاء کے جنرل ہائوس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بار کے یہ عہدے دار ان کے چھوٹے بھائی ہیں اور ہم اپنے بھائیو ں کی عزت کو ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ سے  بات ہوئی ہے اور ہم نے انہیں صاف صاف کہا ہے کہ عدالتیں وکلاء کی عزت کریں تو وکلاء بھی عدالتوں کا احترام کریں گے ہم لاہور بار کے ساتھ کھڑے ہیں آئندہ کسی وکیل کے خلاف کوئی ریفرنس نہیں ہوگا اور پہلے جو تھے وہ بھی تمام ختم کردیئے گئے۔ صدر لاہور بار چوہدری محمد اشتیاق نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کے لئے قربانیاں دیں مگر وہ  کرسیوں پر بیٹھ کر آنکھیں بدل گئے۔ ریفرنسز کا معاملہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال وڑائچ سے شروع ہوا ۔ سینئر نائب صدر غلام عباس ساحر اعوان نے کہاکہ ہم وکلاء کے ساتھ ہیں انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے جانے میں تھوڑا سا وقت باقی ہے اور ہم کہتے ہیں کہ عزت سے جائیں وگرنہ سابق چیف جسٹس خواجہ شریف کا حال دیکھیں آج ایک بھی وکیل ان کا نام عزت سے نہیں لیتا  اس موقع پر سابق سینئر نائب صدر میاں شہزاد  حسن اور نائب صدر ہائیکورٹ بار عامر جلیل صدیقی نے لاہور بار اور وکلاء سے اظہار یکجہتی کیا۔