ائر پورٹ پر ریڈ الرٹ کی وجہ سے میڈیاکوریج کی اجازت نہیں دے رہے: حکومتی وکیل
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے خلاف دائر درخواست پر سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ ائیر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی ریڈ الرٹ کی وجہ سے لگائی گئی ہے اور اسی وجہ سے میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی جارہی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے صحافتی تنظیموں کی درخواست پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا ائیر پورٹ پر ریڈ الرٹ ہے اس لیے میڈیا کو اجازت نہیں دے سکتے. جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ریڈ الرٹ جاری کرنے کا نوٹیفکیشن کہاں ہے جس پر سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ درخواست پر اوپن کورٹ کے بجائے بند کمرے میں سماعت کی جائے۔ عدالت نے درخواست پر بند کمرے میں کارروائی کی اجازت دے دی ۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی 22 جون تک ملتوی کر دی ۔