اہم شاہرائوں پر موٹرسائیکلوں کی ون ویلنگ ، پولیس بے بس
لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کی مختلف سڑکوں پر گزشتہ روز نوجوان موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے رہے۔ کینال روڈ ،جیل روڈ،شاہراہ قائد اعظم ، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس ،کیولری گرائونڈ ، سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میںموٹرسائیکلوں پر ونگ ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دئیے۔ پولیس اس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے جبکہ پولیس کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں ۔جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔