جرائم پیشہ افراد کے شناختی کارڈ نمبر پولیس ریکارڈ میں شامل کئے جائیں: مشتاق سکھیرا

جرائم پیشہ افراد کے شناختی کارڈ نمبر پولیس ریکارڈ میں شامل کئے جائیں: مشتاق سکھیرا

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمدسکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب کے کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں ایسے جرائم پیشہ افراد جن کے شناختی کارڈ نمبر ریکار ڈ میں موجود نہیں ہیں ان کی تصاویر ، نام ، ولدیت اور ایڈریس نادرا کے دفتر میں بھجوا کر ان کے شناختی کارڈ نمبر حاصل کیے جائیں۔ اس ضمن میں ڈی جی نادرا نے عملے کو ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے ایک افسر فوکل پرسن کے طور پر نادرا سے رابطے میں رہے گا ۔اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سنٹرل پولیس آفس میں قائم کمپلینٹ مینجمنٹ سنٹر 8787پر موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ ڈی ایس پی بذات خود شکایت کنندہ سے رابطہ کرے اور جو ڈی ایس پی خود رابطہ کرنے کی بجائے یہ کام اپنے عملے کے سپرد کرے اس کو فوری شو کاز نوٹس جاری کیا جائے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اجلاس میں افسران کومختلف امور کے حوالے سے ہدایات اور گائیڈ لائن دیتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن اظہر حمید کھوکھر کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ جائے وقوعہ سے شہادتیں اکٹھی کرنے کیلئے ہر ضلع میں فراہم کی گئی کرائم سین یونٹ وینز قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں فوری اور بر وقت جائے وقوعہ پر پہنچیں۔